سول سروسز کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، وزیراعظم

4

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سول سروسز میں مجوزہ اصلاحات کی پیش رفت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جہاں وزیراعظم نے سول سروسز اصلاحات پر کام کرنے والی کمیٹی کو افسران کی کارکردگی کی جامع جانچ کی بنیاد پر ترقی، مالی فوائد اور دیگر سہولیات کے نظام کی سفارشات مرتب کرنے کی خصوصی ہدایات دیں۔

انہوں نے کہا کہ سول سروسز اصلاحات، ملکی معاشی و معاشرتی، ترقی و خوش حالی کے لیے ناگزیر ہیں اور حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اصلاحاتی اور عوام کی فلاح و بہبود پر مشتمل پالیسیوں کا ثمر عوام تک پہنچانے کے لیے سول سروسز ایک بنیادی ڈھانچے کا کردار ادا کرتی ہے، ملکی سول سروس کو بین الاقوامی معیار اور عالمی سطح کی کارکردگی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی سیکریٹریز کی کارکردگی جانچنے کے لیے جامع اور مؤثر نظام کی سفارشات مرتب کی جائیں، اچھی کارکردگی دکھانے والے افسران کی تحسین سول سروسز کی مجموعی بہتری کے لیے نہایت ضروری ہے اور متعلقہ کمیٹی ملکی سول سروس میں ارتقائی مگر مؤثر اور جامع اصلاحاتی سفارشات جلد از جلد مرتب کرے۔

وزیراعظم نے کہا کہ افسران کی کارکردگی کی جامع جانچ کی بنیاد پر ان کی ترقی، مالی فوائد اور دیگر سہولیات کے نظام کی سفارشات کو مرتب کیا جائے، ملکی سول سروس میں اصلاحات کا مطمع نظر مؤثر عوامی خدمت اور سہولیات کی فراہمی کی بدولت عوام کی زندگی میں واضح بہتری کو یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں