اطلاعات کے مطابق ڈی ایچ اے فیز آٹھ میں زلزلے کے واضح جھٹکے محسوس کیے گئے، جبکہ پی ای سی ایچ ایس، قیوم آباد، کالا پل، شاہ فیصل کالونی اور لیاقت آباد میں بھی زلزلے کی شدت محسوس کی گئی۔ لیاقت آباد میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
شاہ لطیف کالونی، بھینس کالونی، چوکنڈی اور اطراف میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
ایدھی حکام کے مطابق زلزلے کے بعد لیاری نیا آباد لیاقت کالونی کے قریب رہاشی عمارت میں دراڑیں پڑ گئیں۔
پولیس ، فائربریگیڈ اورایدھی ایمبولینس اور رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں جبکہ رہائشی عمارت بابا آرکیڈ کے مکین گھروں سے باہر نکل آئے ہیں۔
زلزلے کی وجہ سے مختلف علاقوں کےمکین کلمہ طیبہ کاورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 اور گہرائی 12 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔
زلزلہ پیمامرکز کے مطابق زلزلہ رات 12 بجکر 58 منٹ پر ریکارڈ ہوا،جس کا مرکز کراچی کے شمال مغرب میں 87 کلومیٹر کی دوری پر سونمیانی کا علاقہ تھا۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیرحیدرلغاری کے مطابق کراچی میں موجود فالٹ لائنز کی تاریخ ہمیشہ سے کم گہرائی کے زلزلوں کی رہی ہے،تاہم گذشتہ دنوں لانڈھی میں ریکارڈ ہونے والے زلزلوں کے مقابلے میں اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر کچھ زیادہ رہی۔
تاہم ایسے وقت میں لوگوں کی کوشش ہونا چاہیئے کہ کمزور املاک سے حتی الامکان دور رہیں اور کھلے مقامات پر عارضی قیام کو ترجیح دیں۔
علاوہ ازیں کراچی کے دیگر مختلف علاقوں سے بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔