آئی ایس پی آر کے مطابق آج ساؤتھ وزیرستان کے علاقے وانا میں واقع کیڈٹ کالج وانا پر ایک بزدلانہ اور بہیمانہ دہشت گردانہ حملہ کیا گیا، حملہ آوروں کا تعلق بھارتی پراکسی تنظیم “فتنۃ الخوارج” سے تھا، حملہ آوروں نے کالج کی بیرونی سیکیورٹی سرحد کو توڑنے کی کوشش کی تاہم ہماری چوکس اور پختہ کارروائی نے ان کے مذموم عزائم کو فوری طور پر ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے مرکزی گیٹ پر بم سے بھری گاڑی ٹکرا دی جس کے نتیجے میں مرکزی دروازہ منہدم ہوا اور قریبی انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچا، سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندر گھُسنے والے حملہ آوروں کا مؤثر جواب دیا، آپریشن کے دوران دو خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ تین خوارج کالج کے انتظامی بلاک میں داخل ہونے میں کامیاب ہوگئے اور وہیں محصور ہیں جن کے خلاف محاصرہ کرکے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔