وزیراعظم محمد شہباز شریف آذربائیجان کے صدرالہام علیووف کی دعوت پر آذربائیجان کے یومِ فتح کی پانچویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لیے جمعہ کو دارالحکومت باکو پہنچ گئے۔
باکو کے حیدر علیووف بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آذربائیجان کے اول نائب وزیراعظم یعقوب ایوبوو، اول نائب وزیرِ خارجہ فریز رضایوو، پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
دورے کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، تعلیم اور علاقائی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت ہوگی۔ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور باہمی اعتماد پر قائم ہے۔ دونوں ممالک اسلامی تعاون تنظیم، اقتصادی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ جیسے عالمی فورمز پر قریبی تعاون برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہبازشریف اور آذربائیجان کے صدر الہام علیووف کے درمیان آذر بائیجان کے صدارتی محل میں ملاقات ہوئی۔ چیف آف دی آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔
وزیراعظم نے آذربائیجان کی حکومت اور عوام کو یوم فتح پر مبارکباد دی جو آرمینیا کے خلاف کاراباخ کی آزادی کی 44 روزہ جنگ میں تاریخی فتح کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آذربائیجان کی فتح نے خود ارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والے مظلوم لوگوں خصوصاً بھارتی کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطینی عوام کے لیے ایک امید کی کرن ہے۔